غیر شرعی نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔سینیئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔
دوران سماعت، عدالت کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی اس لیے وہ واپس نکل گئیں اور اسپتال بھی جانا تھا۔ عدالت نے بغیر اطلاع بشریٰ بی بی کے واپس جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمٹمنٹ جو کریں وہ پوری کریں، ملزمہ ابھی عدالت میں موجود تھیں۔
جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ کل بھی وارنٹ جاری کر رہے تھے لیکن لطیف کھوسہ کے احترام میں وارنٹ جاری نہیں کیے۔ عدالت میں موجودگی کے بعد بغیر عدالتی اجازت نکل جانے پر استثنیٰ نہیں ہوتا بلکہ استثنیٰ اس کا ہوتا ہے جو عدالت موجود نہ ہو۔
عدالت نے جیل حکام سے بشریٰ بی بی کی آمد اور روانگی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ خود چل کر گئیں یا کوئی اٹھا کر لے گیا؟ جیل حکام نے بتایا کہ بشریٰ بی بی 11 بجکر 13 منٹ پر آئیں اور ایک بجکر 42 منٹ پر واپس گئیں، بشریٰ بی بی خود چل کر آئیں اور خود چل کر واپس گئیں۔
دلائل کے بعد عدالت نے چارج شیٹ پڑھی اور ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ دوران سماعت، بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ سب لندن معاہدے کے تحت ہے اور 6 سال بعد اسے یاد آیا، جب سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا۔
گزشتہ روز، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی اور عدالت نے کارروائی آج تک مؤخر کی تھی۔ دوران سماعت وکلاء صفائی نے عدالت کو بشریٰ بی بی کی آئندہ سماعت پر حاضری کی تحریری یقین دہانی کرائی تھی۔