فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کو الیکشن لڑنے کی اجازت


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ سے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔سندھ ہائیکوٹ نے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی آئینی درخواستیں منظور کرلیں۔
فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 223 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ ذوالفقار مرزا نے پی ایس 70،71،72 سے بھی کاغذات جمع کرائے تھے۔
اس حوالے سے ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹربیونل نے کاغذات مسترد کردیے تھے۔فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا پر بینک ڈیفالٹر ہونے کا الزام تھا۔
بعدازاں ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا نے اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواستیں دائر کی تھیں۔ اس حوالے سے اب اعتراض کنندہ سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔