بلاول اور شہباز شریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہے: سراج الحق


ڈیرہ الہٰ یار(قدرت روزنامہ)امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بلاول اور شہباز شریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہے، کہتے ہیں کہ تیر اور شیر کا مقابلہ ہے، یہ شیر نہیں بلی ہے۔نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ الہٰ یار میں امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ 8 فروری کا سورج غریب عوام کے لیے خوشی کا پیغام لائے گا، اب دو پاکستان نہیں ایک پاکستان بنے گا، ہم انقلاب لانا چاہتے ہیں، تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سرداروں نے منتخب ہونے کے بعد اپنی دنیا بنائی، عوام کے مستقبل کو تاریک بنایا گیا، یہاں سڑکوں پر کھنڈرات نما گڑھے ثبوت ہیں کہ یہاں کے سرداروں نے اپنی پراپرٹی میں اضافہ کیا۔امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کو اللّٰہ نے ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے، عبدالمجید بادینی کی صورت میں قیادت سامنے آئی جس نے 28 سال عوام کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ عبدالمجید بادینی نے اپنے بچوں کی طرح اس شہر کے بچوں سے پیار کیا، ہم یہاں کے غریب عوام کے لیے ایک اسپتال بنا رہے ہیں، یہاں کے عوام اپنے حق سے محروم ہیں، نہ انہیں انصاف ملتا ہے، نہ ہی روزگار ملتا ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی حکومت کے بغیر بھی 28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کر رہی ہے، ان حکمرانوں نے آپ کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے، انہیں جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ نیب بے بس ہے، ان لوگوں کے سامنے جھک جاتا ہے، جب آپ 3 بار وزیرِاعظم بن کر کچھ نہیں کر سکے، تواب پاکستان کو کیا بنائیں گے؟
امیرِ جماعتِ اسلامی کا مزید کہنا ہے کہ اب پاکستان کے عوام ترقی چاہتے ہیں، زنجیروں کو توڑنے کا وقت آ گیا ہے، ہم آپ کو کلین پاکستان دیں گے۔ سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ 8 فروری کے بعد ظالموں کا حساب ہو گا، غریب ایوانوں میں نظر آئے گا۔