“رنبیر کپور کو تھپڑ مارنے کے بعد بہت روئی”، رشمیکا مندانا کا انکشاف


ممبئی(قدرت روزنامہ) معروف بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بلاک بسٹر ایکشن فلم ‘انیمل’ میں رنبیر کپور کو تھپڑ مارنے کے بعد اصل میں بہت روئی تھیں . بھارتی میڈیا کے مطابق رشمیکا مندانا نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران فلم ‘انیمل’ کے اُس سین کی شوٹنگ کو یاد کیا جس میں اُنہوں نے اپنے شوہر رنبیر کپور (فلمی شوہر) کو تھپڑ مارا تھا .


رشمیکا مندانا نے کہا کہ “اس سین کی شوٹنگ سے قبل ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا نے کہا تھا کہ آپ نے خود کو حقیقی کردار کی طرح محسوس کروانا ہے اور اس سین میں کھو جانا ہے، خود کو ایسا محسوس کروائیں کہ جیسے حقیقت میں آپ کے شوہر نے آپ کو دھوکہ دیا ہے” .
اداکارہ نے کہا کہ “میں نے سندیپ جی کی ہدایت کے مطابق، یہ سین کرنا شروع کیا، میں نے سین کی شوٹنگ کے وقت خود کو یہی محسوس کروایا کہ یہ فلم نہیں بلکہ حقیقی زندگی ہے” .
اُنہوں نے کہا کہ “رنبیر کپور میرے سامنے آئے اور مجھے جب معلوم ہوا کہ اُنہوں نے مجھ دھوکہ دیا ہے تو میں نے اُنہیں زور دار تھپڑ مارا، اس سین کی شوٹنگ جیسے ہی مکمل ہوئی تو میں بہت زیادہ روئی” . رشمیکا مندانا نے کہا کہ “اُس کے بعد، میں رنبیر کپور کے پاس گئی اور اُن سے خیریت دریافت کی، سب نے مجھے حوصلہ دیا اور مجھے بھی خود پر فخر محسوس ہوا کہ میں نے سین اچھے سے مکمل کیا” .
اداکارہ نے مزید کہا کہ “مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ میں نے فلم انیمل میں کام کیا اور میری اداکاری کو مداحوں نے خوب پسند بھی کیا” . واضح رہے کہ فلم ‘انیمل’ میں رشمیکا مندانا نے رنبیر کپور کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا لیکن وہ ترپتی ڈمری کی وجہ سے اپنی بیوی کو دھوکہ دیتے ہیں .
یاد رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے .
اس فلم میں رنبیر کپور کو ایک انتقامی بیٹے کے طور پر دِکھایا ہے جو اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے ایک خونخوار گینگسٹر بن جاتا ہے اور بےرحمی سے قتل کرتا ہے اور فلم میں رنبیر کپور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک بھی کرتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں