حلقہ این اے119: پی ٹی آئی امیدوار مریم نواز کے حق میں دستبردار


لاہور(قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی کے لاہور سے حلقہ این اے 119 کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز شریف کے حق میں دستبردار ہوگئے۔پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر مہر محمد وسیم اپنے ہزاروں کارکنوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے، مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں نے حلقے میں مریم نواز شریف کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
مہر محمد وسیم نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ پی پی اور این اے 119 کے چئیرمین، وائس چئیرمین، زکوة کمیٹی کے چئیرمین، پارٹی عہدیدار اور سیکڑوں ساتھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھی 25 جنوری کو جلسے میں باضابطہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے جبکہ مریم نواز شریف بھی 25 جنوری کو جلسے میں شرکت کریں گی۔
مریم نواز شریف نے مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور مبارک دی۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترقی کے قافلے میں شمولیت اختیار کرلی ہے، 2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا اور بھگتا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین رو رہی ہیں کہ گھروں میں گیس نہیں آرہی، سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کی وجہ سے آج پورا پاکستان رو رہا ہے، پوری دنیا نوازشریف کے دور کی ترقی کی مثالیں دیتی ہے، لاہور کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھی لیکن وہی لاہور گندگی کا ڈھیر بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، پنجاب اور لاہور کے چپے چپے پر نواز شریف اور شہبازشریف کی خدمت کے نشان ہیں، خدمت کرنا مشکل کام ہوتا ہے لیکناس امتحان میں صرف نواز شریف اور شہبازشریف سرخرو ہوئے، عوام کو پتہ ہے کہ کام کس نے کیا، سیاسی انتقام کس نے لیا، جھوٹ کس نے بولا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر بہت برا وقت آیا لیکن چھوٹا یا بڑا کوئی لیڈر، کارکن، کونسلر بھی چھوڑ کر نہیں گیا۔ مسلم لیگ (ن) نہیں ایک خاندان ہیں، خون کے رشتوں سے زیادہ آپس میں جڑے ہیں، کارکن سگے بھائیوں کی طرح ہیں۔ گزشتہ روز کارکن گاڑی سے گر کر زخمی ہوگیا جس کا بہت دکھ ہے، زخمی کارکن کو فون کیا اور اس کی خیریت پوچھی، زخمی بچے نے کہا کہ نوازشریف کے لیے جان بھی حاضر ہے اور یہ ہے جذبہ ہمارے کارکنوں کا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا مستقبل اور ترقی نواز شریف کے ساتھ جڑی ہے، نوازشریف کو نکال دیں ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا جبکہ شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں ہر منصوبہ اور ہر نوکری میرٹ پر تھی، اسی پنجاب کو تباہ کیا گیا اور ہر نوکری رشوت سے ملتی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ پانی، بجلی اور گیس سمیت عوام کا ہر مسئلہ حل کریں گے، اگلے پانچ سال عوام کی خدمت کا ایجنڈا بنا چکے ہیں، کارکن میرے بھائی اور بازو بن کر باہر نکلیں، عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانے میں نواز شریف کا ساتھ دیں۔