کراچی: بڑے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین کا انجیکشن دستیاب نہیں


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین کے لیے لگایا جانے والا انجیکشن دستیاب نہیں ہے۔سی ٹی اسکین کے لیے مریضوں کو کنٹراسٹ انجیکشن لگایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاؤ اوجھا کیمپس، سول اور جناح اسپتال میں کنٹراسٹ انجیکشن نہیں مل رہے، مریضوں کو سی ٹی اسکین کے لیے انجیکشن باہر سے لانے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ میں کنٹراسٹ انجیکشن زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، 3 سے 4 ہزار روپے میں ملنے والا انجیکشن 8 ہزار روپے کا مل رہا ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درآمد میں کمی کے باعث انجیکشن کی قلت ہے، جلد اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نگراں وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد سرکاری اسپتالوں میں کنٹراسٹ انجیکشن کی کمی کا علم نہیں، اگر انجیکشن دستیاب نہیں تو یہ سنجیدہ صورتِ حال ہے۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ جلد کنٹراسٹ انجیکشن سے متعلق تفصیلات لوں گا۔