دہشت گردوں کے حملوں کا خدشہ، اسلام آباد میں چار جامعات بند
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد کی چار یونیورسٹیز کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد میں کچھ تعلیمی اداروں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے سبب چار جامعات کو بند کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے نواح میں رات گئے سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیے ہیں تاہم ان میں کسی کو گرفتار کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اطلاعات سامنے نہیں آسکیں۔تھریٹ الرٹ میں کالعدم تنظیم کی جانب سے جامعات پر حملوں بشمول خودکش حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان جامعات میں قائد اعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، ائیر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی شامل ہیں جنہیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا گیا ہے اور طالب علموں کو اس حوالے سے رات گئے آگاہ کیا گیا ہے۔ فی الوقت کچھ نہیں بتایا گیا کہ ان جامعات کو طالب علموں کے لیے کب کھولا جائے گا امکان ہے کہ کئی روز تک یہ جامعات بند رہیں گی۔
موجودہ سیکیورٹی حالات کے تناظر میں آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کا اہم پیغام۔#ICTP #Islamabad pic.twitter.com/n49izwHVGm
— Islamabad Police (@ICT_Police) January 22, 2024
اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کی اچانک چھٹی کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کا ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں ںے کہا کہ اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے کچھ خبریں گردش کررہی ہیں، میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے حالات قابو میں ہیں۔
ڈاکٹر اکبر ناصر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں غیر قانونی اجتماعات پر مکمل پابندی ہے، اگر کوئی غیر قانونی اجتماعات کی کوشش کرتا ہے تو ہم اسے بتاتے ہیں کہ کسی پیشگی اطلاع یا امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اجتماعات نہیں کیے جاسکتے، اس کے باوجود ہم انہیں سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں، اس وقت حالات ایسے نہیں کہ آپ خوف کی وجہ سے اپنے تعلیمی اداروں اور معموملات زندگی میں کوئی تبدیلی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جانفشانی سے آپ کی خدمت کرتی رہے گی، ایک محفوظ ماحول فراہم کریں گے جس میں الیکشن کا پُرامن انعقاد ممکن ہوگا، اسلام آباد میں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، غیر ضروری اقدامات نہ کریں جس سے سیکیورٹی کی صورتحال کا امکان ہو۔