بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت 57 اور نواز شریف کی 52 فیصد ہے، بلومبرگ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلومبرگ نے معاشی تجزیاتی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف نے بہتر معاشی کارکردگی دکھائی۔گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نواز شریف نے بہترین انداز میں معیشت سنبھالی، 30 سال میں نواز شریف کی معاشی کارکردگی بہترین رہی۔
بلومبرگ نے مہنگائی اور بیروزگاری کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا، مِزری انڈیکس کے تحت ن لیگی حکومت کی معاشی پرفارمنس کو بہتر قرار دیا گیا جبکہ پی ٹی آئی دوسرے اور پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر رہی۔مزری انڈیکس میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھا جاتا ہے، معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیا جاتا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق 1990ء سے اب تک سیاسی حکومتوں کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاستدان ہیں۔حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی 57 فیصد اور نواز شریف مقبولیت میں 52 فیصد پر ہیں، گزشتہ چھ ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ایشیائی ممالک میں پاکستانی کرنسی کی کارکردگی بدترین رہی،نئی حکومت کو ٹیکس بڑھانے اور سبسڈی کم کرنے جیسے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔