شعیب، ثنا کی شادی کے بعد سعیدہ امتیاز کا پاکستانی مرد سے شادی نہ کرنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف ماڈل اور اداکارہ سعیدہ امتیاز نے سابق کپتان شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستانی مرد سے شادی نہیں کریں گی۔
20 جنوری کو شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کی خبر سامنے آئی تو مداحوں سے لیکر شوبز انڈسٹری تک ہر ایک فنکار حیران نظر آیا کیونکہ اس جوڑی نے اچانک اپنی شادی کا اعلان کیا اور یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس جوڑی کی یہ پہلی نہیں بلکہ دوسری شادی ہے۔
اس شادی کے بعد جہاں شوبز ستاروں نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کو مبارکباد دی تو وہیں کچھ فنکاروں نے اس جوڑی پر تنقید بھی کی جن میں معروف ماڈل و اداکارہ سعیدہ امتیاز بھی شامل ہیں۔
سعیدہ امتیاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں ایک تحریری نوٹ لکھا، جس میں اُنہوں نے کہا کہ “پاکستان کے حالات دیکھنے کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ میں کسی پاکستانی مرد سے شادی کرنا چاہوں گی”۔
اداکارہ نے کہا کہ “میں اپنے لیے جیون ساتھی پاکستان کے بجائے کسی دوسرے ملک سے ڈھونڈ لوں گی کیونکہ جیسے یہاں ہر دو سال کے بعد وزیراعظم تبدیل کیا جاتا ہے، اُسی طرح شادی کے کچھ سالوں بعد بیویاں تبدیل کی جاتی ہیں”۔

View this post on Instagram

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)


یاد رہے کہ اپنے کام سے جلد ہی شوبز انڈسٹری میں نام بنانے والی سعیدہ امتیاز کی پیدائش متحدہ عرب امارات میں ہوئی ہے اور وہ یو اے ای اور امریکا میں پلی بڑھیں جبکہ اداکاری اور ماڈلنگ کا شوق انہیں پاکستان لے آیا۔
سعیدہ امتیاز نے فلم ’قلفی‘، ’ریڈرم‘، ’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘، ’وجود‘، اور فلم ’کپتان‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے، عمران خان پر بننے والی فلم ’کپتان‘ میں سعیدہ امتیاز نے جمائما کا کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں اور سال 2023 کے آخر میں اس جوڑی کی طلاق کی خبر سامنے آئی تھی۔
دوسری جانب شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔