فیصل قریشی نے کہا کہ “مجھے آج بھی اپنی زندگی اور کیریئر کا وہ مشکل وقت یاد ہے کہ جب میرے پاس کھانا کھانے تک کے لیے پیسے نہیں تھے، نئے کپڑے نہیں خرید سکتا تھا اور اکثر شوٹنگ کے لیے اپنے دوستوں سے کپڑے مانگ کر پہنتا تھا” . اداکار نے کہا کہ “مجھے یاد ہے میرے گانے کی شوٹنگ چل رہی تھی تو اسی دوران اسٹوڈیو کے باہر میری ملاقات پاکستانی فلم اسٹار شان شاہد سے ہوئی، انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ تم یہاں کیا کررہے ہو؟” . اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “پھر شان شاہد نے میرے کپڑے دیکھ کر پوچھا کہ یہ تم نے کیا پہنا ہوا ہے؟، میں نے عام سی ٹی شرٹ اور پینٹ پہنی ہوئی تھی” . فیصل قریشی نے کہا کہ “شان شاہد نے مجھے کہا کہ یہ شوٹ بار بار نہیں ہوگا، ایک ہی بار شوٹنگ ہوگی اور ساری زندگی لوگ تمہیں اس گانے میں دیکھیں گے تو میرا مشورہ ہے کہ تم کوئی اچھی سی ٹی شرٹ اور لیدر کی جیکٹ پہنو” . اداکار نے مزید کہا کہ “میرے پاس کپڑے خریدنے کے لیے پیسے ہی نہیں تھے تو شان شاہد نے اپنی ٹی شرٹ اور جیکٹ اُتار کر مجھے دی اور میری عام سی ٹی شرٹ خود پہن لی” . فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ “شان شاہد تو یہ واقعہ بھول چکے ہوں گے لیکن مجھے آج تک اُن کی رحمدلی یاد ہے” .
. .