عمران خان کی جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ نیب کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نیب کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فیس بک ، ٹوئٹر، یوٹیوب کے اسکرین شاٹ موجود ہیں میڈیا کو ٹرائل میں رسائی دی جا رہی ہے۔بانی تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ جیل ٹرائل سے متعلق عدالت کا کوئی آرڈر موجود نہیں ہے، نوٹیفیکیشن تب جاری ہوا جب ریفرنسز موجود ہی نہیں تھے،
بدنیتی واضح ہے کہ ریفرنس تھا ہی نہیں اور ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا، جج صاحب اپنا سارا کام چھوڑ کر صرف ان کیسز میں ٹرائل کیلئے جیل میں بیٹھے ہیں، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ جیل ٹرائل نہیں ہوسکتا ، لیکن پیرامیٹرز پر عمل کرنا ضروری ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری نے جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔