چین پاکستان میں پرامن، شفاف، منصفانہ اور بروقت انتخابات چاہتا ہے،قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شیرین


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شیرین نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں پرامن، شفاف، منصفانہ اور بروقت انتخابات چاہتا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ انتخابات کے بعد پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی ہو۔ مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ کلب پہنچنے پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر ارشد انصاری نے کہا کہ پاکستان اور چین پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں۔
قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شیرین نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عام انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ہم اس میں مداخلت نہیں کر سکتے لیکن 8 فروری کے انتخابات کے بعد جو بھی حکومت بنائے گا ہم اس کا خیر مقدم کریں گے اور مل کر آگے بڑھیں گے۔ CPEC چین اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کو 10 سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ ہر حال میں مکمل ہو گا ۔ CPEC کے تحت اب تک 26 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ تعمیراتی کام جاری ہے۔ الیکٹرک ٹرانسمیشن لائن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ ہم اپنے پرانے دوست پاکستان میں خوشحالی لانا چاہتے ہیں۔
پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور پنجاب حکومت نے زرعی ترقی کے حوالے سے دس سالہ پلان مرتب کیا ہے۔ قونصلیٹ جنرل زرعی تعاون بڑھانے کے لیے پنجاب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان اور ایران تین دوست ممالک ہیں اور مل کر خطے میں مشترکہ طور پر آگے بڑھیں گے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہونا چاہیے، حالات جلد سابقہ پوزیشن پر آجائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی چین کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے پاک چین دوستی اور سی پیک کی بہترین کوریج پر صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین صحافی برادری کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پر تنازعہ ہے جس کا تعلق خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے ہے۔ انہوں نے دونوں فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کے مطابق حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون ایک بڑا منصوبہ ہے، اور یہ پاکستان نے تجویز کیا تھا، جسے ہم بنانے کے لیے تیار ہیں اور امید ہے کہ پاکستانی عوام کو جلد اچھی خبر ملے گی۔ اس سلسلے میں چینی ریلوے انجینئرنگ کا وفد بھی گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کر چکا ہے۔
ایم ایل ون منصوبے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، پہلے پشاور سے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی۔
لاہور پریس کلب کی جانب سے چینی قونصل جنرل کو مختلف تجاویز دی گئیں جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ معزز مہمان نے کلب کے ممبران کے لیے چینی زبان کا کورس شروع کرنے پر غور کرنے پر بھی اتفاق کیا اور ممبران کی پیشہ وارانہ تربیت کے لیے چین میں اسکالرشپ کے حصول کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا۔
آخر میں کلب کے عہدیداران نے قونصل جنرل کو پھول پیش کئے۔ سی جی نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات لکھے۔