سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے پی پی 19سے پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے معاملے پر الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی . عدالت نے کہاکہ درخواست گزار نے 2فوجداری مقدمات میں ضمانت کیلئے کسی عدالت سے رجوع نہیں کیا،درخواست گزار نے دونوں مقدمات کا کاغذات نامزدگی میں بھی ذکر نہیں کیا،آر او نے بیٹے کی لندن میں موجود جائیدادوں کو پوچھا اس کا بھی جواب نہیں دیا .

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں پی پی 19سے پی ٹی آئی رہنما عارف عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے معاملے پر سماعت ہوئی،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آر او نے میری نامزدگی پر اعتراض اٹھا کرکاغذات مسترد کردیئے، درخواست گزار کے خلاف وارث خان تھانے میں دو ایف آئی آرزدرج تھیں .

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ دستاویزات تو پڑھ کر آئیں ، کیس چلانا ہے تو فیکٹ بتائیں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ جس شخص پر دو فوجداری ایف آئی آرز ہوئیں وہ شہر بھر میں گھوم رہا ہے،ضمانت کیلئے ٹرائل کورٹ جانے میں آپ کو مسئلہ کیا تھا،چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہاکہ کل ہمارے پاس ایک کیس تھا انھوں نے ضمانت لی تھی،آپ درخواست دیتے ہیں تو ہم فوراً سماعت کیلئے مقرر کرتے ہیں مگر تیاری تو کرکے آئیں .

جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آپ نے کاغذات نامزدگی میں فوجداری مقدمات کا تذکرہ ہی نہیں کیا،وکیل عبدالرزاق نے کہاکہ میں نے اپنے بیان حلفی میں دونوں مقدمات کا بتا دیا تھا،چیف جسٹس نے کہاکہ آپ سچ بولنے کیلئے تیار نہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں،چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے اپیل مسترد کردی .

. .

متعلقہ خبریں