بلاول کراچی کی قسمت بدلنے سے پہلے گٹر کے ڈھکن لگوادیں، گورنر سندھ


کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ لوگ قسمت بدلنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ڈھکن نہیں بدل سکتے۔گورنر سندھ نے کراچی میں عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی قسمت بدلنے کے بیانات دینے سے پہلے شہر میں گٹر کے ڈھکن لگوادیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو میچ کھیلنے کی کیا ضرورت ہے وہ ویسے ہی عوام سے کھیل رہے ہیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ پہلے وزٹ میں مرتضیٰ وہاب کو ساتھ لایا تھا، الیکشن کمیشن نے عباسی شہید اسپتال کا 700 کا اسٹاف مانگ لیا ہے، عملہ نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن تک رک گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کے اوپر کا حصہ یو این او بنارہا ہے، حکومت کہاں ہے، اسپتال میں مریضوں کے لیے واش روم تک کی جگہ نہیں ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ میئر صاحب سے درخواست ہے اسپتال کی ایمرجنسی ٹھیک کردیں۔