پورے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں توانائی کا شدید بحران ہے جس پر قابو پانا ہم سب کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پورے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں توانائی کا شدید بحران ہے جس پر قابو پانا ہم سب کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے. اس سلسلے میں ہمیں سائنسی جدت اختیار کرنی ہوگی کیونکہ سولر انرجی پیدا کرنے کے جدید طریقوں کو اختیار کر کے ہی ہم توانائی کے بحران پر قابو پانے کے قابل بن جائیں گے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا. واضح رہے کہ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کی سربراہی میں بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بی آر ایس پی ڈاکٹر طاہر رشید نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے .
مذکورہ ایم او یو کے تحت بیوٹمز یونیورسٹی میں موجود بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس کو بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام موجودہ روایتی بجلی کے نظام سے چھٹکارا دلا کر اس کو متبادل رینویبل سولر انرجی پر منتقل کریگا .
اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کی طرف سے پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرحمٰن، رجسٹرار بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر زاہد روف اور پروفیسر ڈاکٹر نذیر درانی جبکہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے چیرمین بی آر ایس پی ملک انور سلیم، بورڈ آف ڈائریکٹر ممبران روشن خورشید بروچہ، نصراللہ بڑیچ، جنرل مینجر پروگرام ڈاکٹر شاہنواز خان اور پروگرام کوآرڈینیٹر نصیب آغا بھی موجود تھے
. .