ججز کے خلاف مہم : کئی صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ایف آئی اے طلب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ججز کے خلاف مہم پر ایف آئی اے نے مختلف صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو طلب کرلیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ججز اور اداروں کے خلاف ہزرہ سرائی کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے سائبر ونگ نے ججز کے خلاف منفی مہم چلانے پر نوٹس جاری کردیئے۔
ایف آئی اے نے نوٹسز کے ذریعے مختلف صحافیوں، سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو انکوائری کے لیے طلب کرلیا، مذکورہ شخصیات کو 31 جنوری دن 11 بجے ایف آئی اے اسلام آباد طلب کیا گیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ ایف آئی اے کی جانب سے غلط معلومات پھیلانے پر 65 افراد کو نوٹسز ارسال کیے گئے ہیں، ایف آئی اے کے پاس 115 انکوائریز رجسٹرڈ ہوئی ہیں یہ انکوائریز کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور میں جاری ہیں، صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو الگ الگ شہروں کے آفسز میں طلب کیا گیا ہے جب کہ یہ نوٹسز انڈر سیکشن 160 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔