مہنگائی میں کمی، نیب کا خاتمہ، ایک کروڑ نوکریاں، ن لیگ کا انتخابی منشور پیش
لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن 2024 کے لیے ’پاکستان کو نواز دو‘ کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب ہوئی جس میں منشور پیش کیا گیا۔
کسان کی خوشحالی
منشور کے چیدہ چیدہ نکات میں زراعت کی جدت کے ذریعے کسان کی خوشحالی شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔ تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنایا جائے گا۔ منشور میں زراعت کو اہمیت دی گئی ہے چھوٹے کسانوں کے لیے سود سے پاک قرضوں کی فراہمی، فصل کے نقصان میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔
نیب کا خاتمہ
آئینی، قانونی، عدالتی و انتظامی اصلاحات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ آئینی اصلاحات کے ضمن میں یہ بھی شامل ہے کہ آرٹیکل 62/63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ نیب کا خاتمہ کیا جائے گا اور پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا۔
عدالتی اصلاحات
بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائےگا۔ مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی۔ یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر جبکہ چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے۔
مہنگائی میں کمی
پی ایم ایل ن نے منشور 2024-2029 میں بجلی کے بلز میں 20 سے 30 فیصد کمی لانے جبکہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ بھی کیا۔ ن لیگ نے سرحدوں کے پار امن کا پیغام دینے کا عزم کیا۔
عملدر آمد کونسل کا قیام
منشور پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی عملدر آمد کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جو حکومتی کارکردگی کی سہ ماہی رپورٹ مرتب کرے گی۔
ن لیگ کا تفصیلی منشور ملاحظہ کرنے کےلیے یہاں کلک کریں۔