آج کونسی جماعت کہاں انتخابی جلسہ کریگی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عام انتخابات کی تاریخ قریب آ رہی ہے اور سیاسی جماعتیں ملک کے مختلف شہروں میں انتخابی جلسے کر رہی ہیں۔مسلم لیگ ن آج سیالکوٹ میں انتخابی جلسہ کرے گی، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف جناح اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کریں گے۔جلسے میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے حب بائی پاس روڈ پر عوامی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، سابق صدر آصف زرداری کارکنوں سے خطاب کریں گے۔جے یو آئی ایف آج لاڑکانہ میں میدان سجا رہی ہے، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سکھر کے منزل گاہ گراؤنڈ میں عوامی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا، اجتماع سے مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں۔
جماعتِ اسلامی کے تحت کراچی کے باغِ جناح میں آج جلسۂ عام منعقد ہو گا۔امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق اور امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن جلسے سے خطاب کریں گے۔اس حوالے سے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے باغِ جناح گراؤنڈ میں 8 فروری کا فیصلہ ہو جائے گا۔
پیپلز پارٹی کراچی کے علاقے لیاری میں آصفہ بھٹو کی قیادت میں ریلی نکالے گی۔لیاری کے مختلف مقامات پر آصفہ بھٹو ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گی۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے زیرِ اہتمام حیدرآ باد میں انتخابی جلسہ ہو گا، جلسے سے خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
مہاجر قومی موومنٹ کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 5 میں الیکشن آفس کا افتتاح کرے گی۔تقریب سے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد خطاب کریں گے۔لودھراں میں استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما جہانگیر ترین خطاب کریں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل خان ڈی آئی خان میں کارکنوں سے خطاب کریں گے جبکہ صوابی میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔چارسدہ کے حلقے این اے 25 سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی جلسہ سے خطاب کریں گے۔
صوابی میں جمعیت علمائے اسلام ش کے رہنما مولانا شجاع الحق عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کا انتخابی جلسہ آج کوئٹہ میں ہو گا، جس سے اختر مینگل اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔