مفاد پرستوں کا مقصد صرف پارلیمنٹ پہنچنا ہوتا ہے، ہم صوبے اور وفاق میں ڈائیلاگ شروع کریں گے، حاجی لشکری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ حلقہ این ائے 263 سے امیدوارنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد اجتماعی قومی اصولوں پر ہوتا ہے جبکہ ذاتی مفادات کیلئے گٹھ جوڑ کیا جاتا ہے ، کوئٹہ شہر کے لوگوں کی شعوری آواز سے گھبراکر سیاسی جماعتیں این اے263 پرگٹھ جوڑ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کوئٹہ کے شہری 8 فروری کو ووٹ کی پرچی سے کوئٹہ شہر کو لوٹ مار کا ذریعہ بنانے والے سیاسی ٹھیکیداروں کو شکست دے کر پرامن شعوری ، سیاسی جنگ کا آغاز کرکے شہر اور صوبے کی آواز بنیں گے، یہ بات انہوں نے حلقہ پی بی 42 نیو نجم الدین روڈ پر انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو ، عبدالستار روڈ پر صرافہ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور بستی پنچایت کاسی روڈ پر منعقدہ انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی . نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ 8 فروری سیاسی پارلیمانی نظام کے حوالے سے اہم دن ہے ، یہ دن ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کا فیصلہ کرنے جارہا ہے ، اس دن ووٹر نے اپنی رائے کا اظہار ووٹ کی پرچی سے کرنا ہے اس دن اگر ووٹر نے اپنے ووٹ کا احترام کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کی خوشحالی کیلئے سنجیدہ فیصلہ کرکے پارلیمنٹ کو طاقتور بنایا تو یقینا قوم کی تقدیر بدلے گی .

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شہر اور صوبے پر ایسے لوگوں کو مسلط کیا گیا جنہوں نے عوام کی رائے سینیٹ کے انتخابات میں فروخت کی ، عوام کی رائے فروخت کرنے والوں سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ آئندہ نسل کی خوشحالی ، تعلیم ، امن ، روزگار کیلئے سوچیں گے بلکہ ان کا ہدف صرف پارلیمنٹ تک پہنچنا ہوتا ہے عوام کو ایسے لوگوں کا احتساب اپنے ووٹ کے ذریعے کرکے ان کا راستہ روکنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو یکساں مسائل کا سامنا ہے جن کو ایک مشترکہ شعوری جدوجہد کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ، اس کیلئے کوئٹہ کے شہری 8 فروری کو اپنی رائے ، تائید و حمایت سے مجھے پارلیمنٹ میں بھیجیں تاکہ میں اور میرے ساتھی پارلیمنٹ میں صوبے اور شہر کے لوگوں کے حقوق کا دفاع کرسکیں . انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلی ، بے روزگاری ، منشیات ، کرپشن ، آبادی میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں کمی لانے کی بنیاد این اے 263 کے ووٹرز نے رکھنی ہے، کوئٹہ کے شہری 8 فروری کو صوبے اور وفاق میں ڈائیلاگ کا آغاز کریں گے . انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کے لوگوں کی شعوری آواز سے گھبراکر سیاسی جماعتیں این اے263 پرگٹھ جوڑ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کوئٹہ کے شہری 8 فروری کو ووٹ کی پرچی سے کوئٹہ شہر کو لوٹ مار کا ذریعہ بنانے والے سیاسی ٹھیکیداروں کو شکست دے کر پرامن شعوری ، سیاسی جنگ کا آغاز کرکے شہر اور صوبے کی آواز بنیں گے .

. .

متعلقہ خبریں