“راحت فتح علی سے اپنی شہرت سنبھالی نہیں جا رہی”، مشی خان کی تنقید


کراچی (قدرت روزنامہ)سروں کے سلطان اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی کی اپنے گھریلو ملازم پر بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستانی اداکارہ مشی خان نے گلوکار پر کڑی تنقید کی ہے۔ مشی خان نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “راحت فتح علی خان کے پاس ان گنت پیسہ ہے اور اُس کے باوجود بھی اُنہوں نے صرف ایک بوتل کے پیچھے اپنے ملازم پر بدترین تشدد کیا ہے”۔
اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “شاید یہ شہد کی بوتل تھی جس کی وجہ سے گلوکار نے اپنے گھریلو ملازم کے ساتھ ناگوار اور بدترین سلوک کیا ہے، انہیں اپنے ملازم کو جوتوں سے مارتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی”۔
اُنہوں نے کہا کہ “راحت فتح علی خان کو ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہوئے شرم نہیں آتی، اُن کے پاس اتنی دولت ہے کہ وہ اُس سے شہد کی ایک بوتل کے بدلے شہد کی بوتلوں کے 10 کریٹ بھی خرید سکتے ہیں”۔
مشی خان نے کہا کہ “راحت فتح علی خان ایک بوتل کے پیچھے پاگل ہوگئے ہیں، یہ کیا کسی انسان کی مالی مدد کرتے ہوں گے، اللہ نے انہیں اتنی زیادہ شہرت دی ہے اور ان سے وہ شہرت سنبھالی نہیں جارہی”۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ “میں تو راحت فتح علی خان کا یہ روپ دیکھ کر دنگ رہ گئی ہوں، ان کو اپنی اس حرکت پر شرم آنی چاہیے، ان کا کوئی نہ کوئی تنازع سامنے آتا ہی رہتا ہے”۔

View this post on Instagram

A post shared by Mishi Khan MK (@mishikhanofficial2)


واضح رہے کہ 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ ایک استاد اور شاگرد کا ذاتی معاملہ ہے، اگر شاگرد اچھا کام کرتا ہے تو ہم اس کو بےانتہا پیار دیتے ہیں لیکن اگر وہی شاگرد کوئی غلطی کرتا ہے تو پھر ہم اُسے سزا بھی دیتے ہیں۔