فن و ثقافت شوبز

ملازم پر تشدد، بھارتی گلوکارہ کی راحت فتح علی خان پر کڑی تنقید


ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی گلوکارہ چنمئی سری پدا نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی میوزک اسٹار راحت فتح علی کی ملازم پر بدترین تشدد کرنے کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے گلوکار پر شدید تنقید کی ہے۔
گلوکارہ چنمئی سری پدا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ “راحت فتح علی خان جیسی نامور شخصیات عوام کے سامنے خود کو مہربان اور نرم مزاج انسان دکھاتی ہیں جس کی وجہ سے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ یہ اصل زندگی میں لوگوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کرتے ہیں”۔
اُنہوں نے کہا کہ “اگر یہ کیمرے پہلے کے زمانے میں بھی موجود ہوتے تو جن لوگوں کو ہم نام نہاد عظیم کے طور پر مناتے ہیں، اُن کے اصل چہرے عوام کے سامنے لائے جاسکتے تھے”۔
آخر میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کے اپنے ملازم پر تشدد کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “یہ ہولناک ہے”۔


واضح رہے کہ 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ ایک استاد اور شاگرد کا ذاتی معاملہ ہے، اگر شاگرد اچھا کام کرتا ہے تو ہم اس کو بےانتہا پیار دیتے ہیں لیکن اگر وہی شاگرد کوئی غلطی کرتا ہے تو پھر ہم اُسے سزا بھی دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں