خیبر پختونخوا سے پہلی بار 47 خواتین جنرل نشستوں پر الیکشن لڑیں گی


خیبر پختونخوا (قدرت روزنامہ)صوبہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اور قومی اسمبلی دونوں کی جنرل نشستوں سے 47 خواتین انتخابی دنگل میں حصہ لے رہی ہیں۔یہ ریکارڈ اضافہ حالیہ مینڈیٹ کے بعد ہوا ہے جس کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کے علاوہ ، جنرل نشستوں پر بھی کم از کم 5 فیصد خواتین کو ٹکٹ جاری کرنا لازمی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لیے حلقہ این اے 29 اور این اے 31 سے صوبیہ شاہد اور حلقہ این اے 24 سے فرح خان کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پی کے 76 اور پی کے 46 سے بالترتیب صوبیہ خان اور شائستہ خان الیکشن لڑ رہی ہیں، اورکزئی کے حلقہ پی کے 94 سے بصیرت خان اور ٹانگ پی کے 108 سے جانزبہ اعظم انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
حلقہ این اے 38 سے مہر سلطانہ اور حلقہ این اے 39 سے فرزانہ شیریں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے پیپلز پارٹی نے بونیر کے حلقہ پی کے 25 سے سویرا پرکاش کو اپنا امیدوار منتخب کیا۔ اسی طرح مانسہرہ کے حلقے پی کے 39 سے ساجدہ تبسم، ہری پور کے حلقہ پی کے 46 سے شہناز شمشیر کھڑی ہیں، پی کے 48 سے شائستہ رضا اور انیلہ شہزاد پی کے56 مردان کی نشست سے انتخابات لڑ رہی ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے اسی طرح خدیجہ بی بی کو چترال کے حلقہ این اے 1 سے الیکشن لڑنے کے لیے منتخب کیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے حلقہ پی کے 83 کے لیے ثمر ہارون بلور اور مانسہرہ کے حلقے پی کے 40 سے شاہین ضمیر کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین (پی ٹی آئی- پی) نے ڈاکٹر آسیہ اسد کو کوہاٹ کے حلقہ این اے 35 کا ٹکٹ جاری کیا ہے جبکہ پی کے 76 نوشہرہ کی نشست کے لیے سمی فلک کا انتخاب کیا ہے۔بنوں پی کے 100 سے انیتا مسعود، خیبر پی کے 69 سے سکینہ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ اسی طرح پشاور کے حلقہ این اے 31 سے شازیہ بی بی، این اے 18 کی نشست کے لیے ڈاکٹر فائزہ رشید انتخابی میدان میں اُتر رہی ہیں۔
قومی وطن پارٹی نے صوابی کے حلقے این اے 19 سے ستارہ امتیاز کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے، شاندانہ گلزار این اے 30 پشاور سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہی ہیں جبکہ ہری پور سے پی کے47 کے لیے رخسانہ راشد کا انتخاب کیا ہے۔صوبائی اسمبلی کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے صائمہ بی بی کو پی کے 36 مانسہرہ اور نوشہرہ فراہیم کو پی کے 86 سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایبٹ آباد کے حلقے پی کے 42 سے بصیرت ارباب اور شہناز راجہ، پی کے 44 سے عائشہ حمید ، پی کے 42 سے رقیہ بی بی، کوہاٹ کے حلقہ پی کے 92 سے شنیلا، پی کے 90 نازیہ بی بی اور پی کے 91 سے صوفیہ بانو صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے میدان میں ہیں ہری پور پی کے 46 سے فضا شاہین، پی کے 47 سے ارم فاطمہ، پی کے 65 سے روبینہ نیاز، پی کے 12 سے زیارت بی بی، پی کے 30 سے نادیہ شیر خان، پی کے 11 اپر دیر سے تاج بیگم انتخابی میدان میں اُتر رہی ہیں۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے پی کے 75 سے ثمرین راشد کو اور تحریک جوان پاکستان نے پی کے79 کی نشست کے لیے رحمہ سحر کو منتخب کیا ہے۔ صوبائی اسمبلی کی جنرل نشست پی کے 79 شاکرہ گل، پی کے 73 سے بشریٰ، پی کے 81 سے نازیہ علی، پی کے 82 سے افشاں آفریدی، پی کے 83 سے شمائلہ تبسم آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑ رہی ہیں۔