“میں نے خودکشی کی تو ذمہ دار رابعہ انعم ہوں گی”، اینکر پرسن اشفاق ستی


کراچی(قدرت روزنامہ) نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن اشفاق اسحاق ستی نے اپنی دوسری اہلیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے گھریلو تشدد کے الزامات پر اپنا موقف پیش کردیا۔اینکر پرسن اشفاق اسحاق ستی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ “میں 17 سال کی جدوجہد کے بعد کامیابی کے اس مقام پر پہنچا تھا اور اس دوران مجھے لوگوں کی طرف سے محبت بھی ملی جس کے لیے سب کا شکرگزار ہوں”۔
اشفاق ستی نے اپنی دوسری اہلیہ نومیکا طاہر محمود کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “ہر کہانی کے دو رُخ ہوتے ہیں اور آپ نے ابھی تک صرف ایک رُخ دیکھا ہے جوکہ سوشل میڈیا پر آپ کے سامنے پیش کیا گیا، میں مانتا ہوں کہ میرا اپنی اہلیہ کے ساتھ جھگڑا ہوا، ہر گھر میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوتا ہے لیکن ہمارے نجی معاملے کو بڑھاوا دیا دیکر میری کردار کشی کی جارہی ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں کل تک ایک شریف انسان تھا اور آج مجھے درندہ صفت انسان دکھایا جارہا ہے، جگہ جگہ میری زندگی کے نجی معاملات پر تبصرے کیے جارہے ہیں، جو لوگ مجھے نہیں جانتے وہ بھی میرے خلاف باتیں کررہے ہیں”۔
اینکر پرسن نے کہا کہ “میرا اپنی اہلیہ کے ساتھ جو بھی تنازع ہوا ہے پولیس اس کی تفتیش کررہی ہے لیکن اس معاملے کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، جب اس ملک میں قانون اور عدالتیں موجود ہیں تو پھر میڈیا کی عدالت کی کیا ضرورت”۔
اشفاق ستی نے اپنی تیسری اہلیہ زارا کے حوالے سے کہا کہ “میرے اور زارا کے رشتے کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں، ہماری شادی کو 3 سال کا عرصہ ہوگیا ہے، ہمارا ایک بیٹا بھی ہے اور زارا کو میری پچھلی دونوں شادیوں کے بارے میں معلوم ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں نے ہمیشہ اپنی دوسری اہلیہ نومیکا کو اولین ترجیح دی کیونکہ وہ میری سابقہ اہلیہ کے بچوں کے ساتھ رہ رہی تھیں لیکن وہ بار بار مجھ سے یہی تقاضہ کررہی تھیں کہ اپنی تیسری بیوی زارا کو طلاق دو”۔
اشفاق ستی نے معروف مقبول اینکر پرسن رابعہ انعم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ مجھے ذاتی طور پر تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، میں آپ سے یہی کہنا چاہوں گا کہ ہم ایک ہی پیشے سے تعلق رکھتے ہیں، آپ کے ساتھ ہمیشہ احترام کا رشتہ رہا ہے، اگر آپ کو اس معاملے پر بات کرنی تھی تو آپ کا کام تھا کہ پہلے کال یا میسج پر میرا موقف جان لیتیں”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں رابعہ انعم کی جانب سے میرے کردار پر کہی گئی باتوں کی وجہ سے ذہنی اذیت میں مبتلا ہوں اور اگر میں نے تنگ آکر اپنے ساتھ کچھ بھی غلط کرلیا تو اُس کی ذمہ دار رابعہ انعم ہوں گی کیونکہ جب انسان ذہنی اذیت کا شکار ہوتا ہے تو وہ تنگ آکر خود کو ختم کرلیتا ہے”۔
اینکر پرسن نے مزید کہا کہ “مجھے، میری بیوی اور میرے بچوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں، اگر ہم میں سے کسی کو بھی کچھ ہوا تو اُس کی ذمہ دار رابعہ انعم ہوں گی”۔

 

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 

A post shared by Ashfaque Ishaque Satti (@sattiashfaque)