“ایشوریا رائے کی ابھیشیک کیساتھ شادی ہونے پر بہت خوش ہوں”، سلمان خان


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کے درمیان طلاق کی افواہوں کے دوران سلمان خان کے پرانے انٹرویو نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر دبنگ اسٹار سلمان خان کا پُرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جو کہ اُنہوں نے سال 2010 میں بھارتی ٹی وی شو ‘آپ کی عدالت’ میں دیا تھا، اس شو میں اُنہوں نے ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی کے بارے میں بات کی تھی۔
شو کے میزبان نے سلمان خان سے پوچھا تھا کہ جب ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی کی خبر سامنے آئی تھی تو مختلف اخباروں میں خبریں شائع ہوئی تھیں کہ سلمان خان نے ایشوریا کے گھر جاکر توڑ پھوڑ کی اور اپنا ہاتھ کاٹ لیا تو اس بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گے؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ “اب تو بہت سال گزر گئے ہیں، اب وہ کسی کی بیوی ہیں اور میں بہت خوش ہوں کہ اُن کی شادی ابھیشیک بچن سے ہوئی ہے”۔
سلمان خان نے کہا کہ “اُن (ایشوریا رائے) کی شادی ایک اونچے خاندان میں ہوئی ہے جبکہ ابھیشیک ایک عظیم آدمی ہے اور وہ دونوں ایک ساتھ بہت خوش ہیں، میرے لیے یہی سب سے زیادہ خوشی بات ہے کہ وہ (ایشوریا) اپنے شوہر کے ساتھ خوش ہیں”۔
اداکار نے کہا کہ “اگر آپ کو واقعی سچی محبت ہوگی تو آپ یہی چاہیں گے کہ وہ انسان آپ کے بغیر بھی بہت زیادہ خوش رہے، ہمیں ایسا نہیں بننا چاہیے کہ اگر اُس انسان کے ساتھ تعلق ختم ہوگیا ہے تو وہ کسی اور کے ساتھ دُکھی رہے”۔


واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کے درمیان کئی برسوں تک دیرینہ دوستی رہی تھی اور بات شادی تک بھی جاپہنچی تھی لیکن پھر دونوں کے درمیان یہ رشتہ ٹوٹ گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ سلمان خان نے آج تک ایشوریا رائے کی وجہ سے شادی نہیں کی۔
یاد رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اوران کے گھر بیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی۔ ابھیشیک بچن بھارت کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ویٹرن اداکارہ جیا بچن کے بیٹے ہیں۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی افواہیں کئی بار میڈیا پر آئی ہیں، یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ کے بچن فیملی کے ساتھ تعلقات خراب چل رہے ہیں اور ایشوریا نے بچن ہاؤس چھوڑ دیا ہے۔