خیبر پختونخوا

پختونخوا میں آج اور کل موسلا دھار بارش کا امکان، نالوں میں طغیانی کا خدشہ


پشاور(قدرت روزنامہ) صوبہ پختونخوا کے کئی علاقوں میں آج اور کل موسلادھار بارش کے امکان کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور بالائی اضلاع میں شدید سردی کے ساتھ مطلع ابر آلود رہے گا۔ 02 اور 03 فروری کو موسلا دھار بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ چترال،دیر،سوات، کوہستان،شانگلہ،مالا کنڈ،ایبٹ آباد،بالاکوٹ،ڈی آئی خان،بنوں، کرم،وزیرستان،ٹانک،خیبر،باجوڑ اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں بالائی علاقوں ميں پہاڑوں پر برفباری کا امکان اور لینڈ سلائیڈنگ و رابطہ سڑکیں بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 12ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ19،کاکول16،چراٹ 12، دیر(بالائی10،زیریں04)،پٹن08، مالم جبہ،کالام 04،میر کھانی 03، سیدو شریف،دروش،چترال میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مری 04،کالام،استور03 مالم جبہ02اور چترال میں 01 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔

متعلقہ خبریں