مسلم لیگ(ن) الزامات کی نہیں خدمت کی سیاست کرتی ہے، مریم نواز
فیصل آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔
فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکیم رانا ثنااللہ نے ایسا علاج کیا اور ایسی حکمت دکھائی کہ نہ بیمار نظر آتا ہے اور نہ بیماری نظر آرہی ہے، نہ مرض نظر آتا ہے اور نہ ہی مریض نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بدتمیزی کا مقابلہ نہیں کرتی، بدتہذیبی کا جواب نہیں دیتی، مسلم لیگ (ن) گالی گلوچ نہیں کرتی، الزامات کی سیاست نہیں کرتی، کسی کو چور چور نہیں کہتی، مسلم لیگ (ن) اگر مقابلہ کرتی ہے تو خدمت میں مقابلہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمت اور کارکردگی میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکر کا کوئی نہیں ہے اور مسلم لیگ خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
جلسے میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی لیکن پلے کارڈ پر لکھا ہوا ہے کہ نواز شریف کو حکومت سے تین بار نکالا گیا ، آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہو۔