علیمہ خان کیخلاف ریاست مخالف نفرت پھیلانے کے کیس کی انکوائری شروع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف ریاست مخالف نفرت پھیلانے کے کیس کی انکوائری شروع کردی گئی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے خلاف ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم نے مبینہ ریاست مخالف نفرت انگیزی اور فوج و عوام میں تقسیم پیدا کرنے کے کیس میں انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔ انہیں 6 فروری کو صبح 11 بجے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر طلب کیاگیا ہے۔
ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اعجاز احمد شیخ کی جانب سے علیمہ خان کو ارسال کیے گیے طلبی کے نوٹس میں تحریر کیاگیا ہے کہ ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ میں سیکشن آفیسر ایف آئی اے پالیسی وزارت داخلہ کی درخواست پر ریاست مخالف سرگرمیوں، نفرت انگیز مواد پھیلانے و مجرمانہ سازش کرکے عوام و فوج میں تقسیم پیدا کرنے کے الزامات کے تحت انکوائری نمبر 4/24 درج کی گی ہے جس پر تحقیقات جاری ہے لہذا 6 فروری کو دن گیارہ بجے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد پیش ہوں۔
نوٹس 160سی آر پی سی کے تحت جاری کیا گیا، جس میں علیمہ خان سے کہاگیا ہے کہ انکوائری میں پیش ہوں۔ اگر پیش نہیں ہوتیں تو سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس صفائی کے لیے کچھ نہیں اور ایسی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ طلبی کا نوٹس علیمہ خان کی لاہور میں رہائش گاہ کے پتے پر ارسال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ علیمہ خان کو اس سے قبل آج دن گیارہ بجے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھی طلب کررکھا تھا جو مقررہ وقت تک وہاں پیش نہیں ہوئیں تھیں ۔