کراچی کی بارش سے محکمۂ موسمیات بھی حیران


کراچی (قدرت روزنامہ)گزشتہ شب سے کراچی میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے محکمۂ موسمیات کو بھی حیران کر دیا۔ اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ فروری میں کراچی میں ہونے والی یہ بارشیں غیر معمولی ہیں، ہمیں اتنی تیز بارش کی اُمید نہیں تھی، کوئی بھی موسمیاتی ماڈلز کراچی میں اتنی تیز بارش کی پیش گوئی نہیں کر رہے تھے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ جنوری 1995ء میں کراچی میں 89.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ فروری 1979ء میں 96 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ ایئر پورٹ پر موسمِ سرما میں ہونے والی بارش کے بلند ترین ریکارڈ ہیں، ایئر پورٹ پر اب تک 60 ملی میٹر کے قریب بارش ہو چکی ہے، کراچی میں تیز بارش کا اسپیل نکل چکا ہے، اب وقفے وقفے سے شام تک ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں صبح سے اب تک 7.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب بارش کے باعث ڈیفنس کے علاقے کی مختلف سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔