حکومت بنے گی اور نواز شریف ہمارے لیڈر ہوں گے: جہانگیر ترین


ملتان (قدرت روزنامہ) چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت بنے گی اور نواز شریف ہمارے لیڈر ہوں گے ، میاں نواز شریف سے مل کر کام کرنے سے خوشی ہوگی۔
چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ عقاب اور شیر کی جوڑی کو کامیابی دے، 8 فروری کو کامیاب ہوکر سب سے پہلے معیشت کو چمکائیں گے، معیشت مستحکم ہوگی تو ملک میں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں نوکریاں ملیں گی، تنخواہوں میں اضافہ کریں گے ، کامیابی کے بعد سب سے پہلے حلقے کی حالت بدلیں گے ، انشاء اللہ حلقے کا کام 100 کی بجائے 500 سے شروع کرینگے ۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ملتان کے لوگوں کا جذبہ دیکھ کر دلی خوشی ہے، ہے، یہ میرا آبائی گھر ہے لیکن آیا یہاں دیر سے ہوں، اللّٰہ نے مجھے موقع دیا کہ اپنے آبائی گھر کی خدمت کروں۔