اداکارہ آمنہ شیخ طویل عرصے بعد منظرعام پر


کراچی(قدرت روزنامہ) معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ طویل عرصے تک سوشل میڈیا سے غائب رہنے کے بعد بالآخر منظرِ عام پر آگئیں۔میں عبدالقادر ہوں، میرا سائیں، میرا سائیں 2، جیکسن ہائٹس اور میرات العروس جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی آمنہ شیخ اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے سوشل میڈیا سے غائب تھیں۔
آمنہ شیخ نے سال 2021 میں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آخری پوسٹ کی تھی جس کے بعد اب 3 فروری کو نئی پوسٹ کے ساتھ اداکارہ کی سوشل میڈیا پر واپسی ہوئی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے گھر کے لان میں اپنی فیملی کے ساتھ خوشگوار لمحات گزار رہی ہیں اور ساتھ ہی ویڈیو میں اُنہیں پیانو بجاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ کے پیغامات پڑھ کر میری آنکھیں نم ہوگئیں، آپ کی بےانتہا محبت کے لیے بہت شکریہ”۔آخر میں اُنہوں نے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ کرے یہ سال ہم سب کے لیے بہترین ثابت ہو، آمین”۔

View this post on Instagram

A post shared by Aamina Sheikh (@aaminasheikh)


یاد رہے کہ آمنہ شیخ نے اداکار محب مرزا کے ساتھ 2005 میں شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی ہے اور محب مرزا نے سال 2019 میں آمنہ شیخ سے اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔
محب مرزا سے طلاق کے بعد آمنہ شیخ نے عمر فاروقی کے ساتھ دوسری شادی کرلی تھی اور سال 2021 میں اس جوڑی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام عیسیٰ رکھا۔
دوسری جانب محب مرزا نے آمنہ شیخ سے طلاق کے بعد اداکارہ صنم سعید سے دوسری شادی کرلی تھی جس کی تصدیق اُنہوں نے ایک شو کے دوران کی تھی۔