کراچی میں بارش کے دوران نالے میں گرکر ڈاکٹر جاں بحق
کراچی(قدرت روزنامہ) بلدیہ اداروں کی نااہلی نے ایک اورقیمتی جان لی گئی شہرمیں طوفانی بارش کے دوران بلوچ کالونی پل کے قریب برساتی نالے میں گرکرایک اورشخص جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی لاش دوروزکے بعد نالے سے نکال لی گئی،متوفی شخص ایک کمسن بیٹی کا باپ اورقوت گویائی و سماعت سے محروم خاتون کا شوہرتھا متوفی شخص ہومیوپیتھک ڈاکٹر بھی بتایا جاتا ہے شہرمیں طوفانی بارش کے دوران ڈوب کرجاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد3 ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیپوسلطان تھانے کےعلاقے شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب برساتی نالے سےایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے۔ ایس پی جمشید کوارٹر علینا راجپر کے مطابق متوفی کی شناخت 50 سالہ شوکت ناگوری ولد انورناگوری کے نام سے کی گئی جو شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی اورایک کمسن بیٹی کا باپ تھا۔
متوفی شخص ٹیکسٹائل مشینوں کی خرید وفروخت کا کام کرتا تھا ۔ متوفی شخص ہفتے کی شب شہر میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران نالے میں گر کرجاں بحق ہوا۔ متوفی شوکت ناگوری ہومیو پیتھک ڈاکٹر بھی بنایا جاتا ہے۔متوفی کے دوست فیصل نے جناح اسپتال کے مردہ خانے کے باہرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ متوفی میرا بچن کا دوست تھا اورہم کام بھی ساتھ کرتے تھے ہفتے کی شب ہم نے مشینیں لوڈ کرائی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ ہمارا روزکا معمول تھا کہ متوفی ان کے گھر آتا اورہم کام پر چلے جاتے اورشام کے اوقات میں روازنہ اسے شاہراہ فیصل پر چھوڑتا تھا اور متوفی 16 نمبر بس میں سوار ہو کر اپنے گھر شاہ لطیف ٹاؤن چلا جایا کرتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ہفتے کی شب میں نے شاہراہ فیصل پراسے چھوڑتے ہوئے کہا کہ میرا گھر نزدیک ہے گھر چلو لیکن دوست نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں بس میں گھر جا رہا ہوں میں گھرکی طرف چلا گیا اورکل سے دوست کا نمبربند جا رہا ہے صبح معلوم ہوا کہ ہمارا بھائی جیسا دوست اللہ کے سپرد ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ شیل پیٹرول پمپ کے ساتھ ایک نالہ کھدا ہوا ہے لگتا ہے میرا دوست بارش کے دوران اسی نالے میں گرا۔ جب اپنا کوئی دنیا سے جاتا ہے تو احساس ہوتا ہے انتظامیہ کا کوئی اپنا جائے تو انہیں احساس ہو گا اس سے پہلے احساس نہیں ہو سکتا۔
انھوں نے بتایا کہ متوفی شوکت کی کچھ عرصے قبل شادی ہوئی تھی ۔ ان کی ایک کمسن بیٹی ہے جبکہ شوکت کی اہلیہ بھی قوت گویائی و سماعت سے محروم ہے۔انھوں نے کہا کہ ووٹ مانگنے کے لیے آنے والوں کو ووٹ نہیں دینا ہے اگرانہیں ووٹ چاہیے توقبرستان جا کرشوکت سے ووٹ لیں،جو لوگ نالوں میں گر کر اس دنیا سے رخصت ہوئے ہیں ان سے ووٹ لیا جائے۔
واضح رہے کہ شہر میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران نالوں اور گڑھے میں ڈوب کرجاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔اتوارکوبلدیہ ٹاؤن نالے میں سے 45 سالہ سیدمحمد فخرعالم کی لاش ملی تھی متوفی فخرعالم پانچ بچیوں کے باپ اورڈائنگ فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے،ہفتے کی شب گھر سے فیکٹری جانے نکلے تھے اورطوفانی بارش کے دوران نالے میں گرکرجاں بحق ہو گئے تھے۔
اتوار کومنگھوپیر ڈگری کالج کے قریب کباڑ کا کام کرنے والا 35 سالہ بشیر خان اپنا ٹھیلا لیکر جا رہا تھا کہ گلی میں بارش کے پانی سے بھرے گہرے گڑھے میں گر کر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا ۔۔