بھارت کشمیر کو قبرستان بناکر یہ نہ سوچے کہ امن قائم کردیا، مرتضیٰ سولنگی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے کوشاں ہیں اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت کشمیر کو قبرستان بنا کر یہ نہ سوچے کہ کشمیر میں امن قائم کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 1947ء میں بھی کشمیر نے خودارادیت کا مطالبہ کیا تھا۔مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ بھارت نے اس وقت بھی جبری الحاق کیا، اس کے خلاف کشمیر نے آواز اٹھائی۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ 1987ء کے نام نہاد الیکشن کے خلاف بھی آواز بلند کی، یہ چوتھی نسل ہے جو اس ظلم میں مبتلا ہے۔واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی، جس کا انتظام دفتر خارجہ کی جانب سے کیا گیا۔
ریلی کی قیادت سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کی جس میں وفاقی وزراء مرتضیٰ سولنگی، جمال شاہ، انیق احمد اور فواد حسن فواد نے شرکت کی۔