قوم کو فیصلہ کرنا ہے شیر کی صحیح جگہ پنجرہ ہے، سراج الحق


لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو فیصلہ کرنا ہے شیر کی صحیح جگہ پنجرہ ہے۔سراج الحق نے مال روڈ لاہور پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کی بدقسمتی ہے دو ارب مسلمان، ہزاروں کی تعداد میں ٹینک اور جہازوں کی موجودگی کے باوجود کشمیری بھائی گزشتہ 76 سال سے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہیں، ہم اللہ کے ساتھ وعدہ کرتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے جہاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو ووٹ دینا کشمیریوں اور فلسطینوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے، انہوں نے حکومت میں ہوتے ہوئے کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے کیا کیا، تیر اور شیر کو ووٹ دینے کا مطلب کرپشن کو ووٹ دینا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم حکومت میں آکر قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے اور سودی نظام کا خاتمہ کریں گے، آئی ایم ایف کو الوداع کہیں گے، ہر بچے کو پڑھائیں گے اور ہر نوجوان کو روزگار دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج نواز شریف اور زرداری کے پاس ناجائز دولت نہ ہوتی تو یہ کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے، انہوں نے کراچی اور اندرون سندھ کو تباہ و برباد کیا، قوم کو فیصلہ کرنا ہے شیر کی جگہ پنجرہ ہے یا کوئی اور جگہ ہے۔