عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں پرہندو انتہاپسند تنظیم کی دھمکی
ممبئی(قدرت روزنامہ) ہندو انتہاپسند تنظیم نے عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں پردھمکی دے دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نونریمان سینا کے رہنما راج ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ہندو انتہاپسند رہنما کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کے جو پروڈیوسرز عاطف اسلم کو دوبارہ بالی ووڈ میں لانے اور ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
ہندو انتہاپسند کے ایک اور رہنما نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو لانے والوں کو ان کی اوقات دکھانا ضروری ہے۔ چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی بھی پروڈیوسر فلم میکر پاکستانی آرٹسٹ کو اپنے پروجیکٹ میں لینے کی غلطی نہ کرے۔
ہندو انتہاپسندوں نے عاطف اسلم کی حمایت کرنے پر بالی ووڈ کے مشہور گلوکار ارجیت سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔کچھ روز قبل بالی ووڈ کے ایک فلم میکر نے اپنی نئی فلم کے گانے عاطف اسلم سے گوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عاطف اسلم کی 7 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی خوشی کی خبر ہے۔