انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوگی، خلاف ورزی پرکارروائی کی جائیگی، الیکشن کمیشن


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی مہم ختم ہونے کا وقت آج رات 12 بجے ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور جماعتوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے تحت انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار یا جماعت کو جلسے، جلوس، کارنرمیٹنگ یا اسی نوعیت کی سیاسی سرگرمی کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم ، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہوپابندی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج دینا شروع کرسکتا ہے جس میں واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ یہ نتائج غیرحتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ ریٹرننگ افسر پولنگ اسٹیشنوں کے نتیجے کا اعلان کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 2 ترجمان مقرر کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نگہت صدیق اور حامد رضا خان کو ترجمان الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ دونوں ترجمان صوبائی ترجمانوں سے رابطے میں رہیں گے اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک 24 گھنٹے دستیاب ہوں گے۔