سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط ، یو ٹیوبر کیخلاف قانونی کارروائی


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط دکھانے پر یو ٹیوبر کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( سی بی آئی) نے یو ٹیوبر دپتی آر پننیتی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ یوٹیوبر کے خلاف سری دیوی کی موت سے متعلق جعلی خطوط بنانے کے الزام پر چارج شیٹ جاری کی گئی۔
سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ خود ساختہ تحقیقاتی صحافی دپتی پننیتی نے بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ کی موت سے متعلق اپنے موقف کو مستند بنانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر مشہورشخصیات کے نام سے جعلی خطوط جاری کیے۔ سی بی آئی نے گزشتہ سال دپتی اور ان کے وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
یو ٹیوبر سوشل میڈیا پر اداکارہ سری دیوی اور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے کیے گئے متنازع شوز کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنے دونوں اسٹارز کی ہلاکتوں کو مشکوک قرار دیا تھا۔ سری دیوی کی موت میں دپتی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت اور دبئی کی حکومتوں نے معاملے کو دبا لیا تھا۔