انتخابات: خواتین کا 5 فیصد کوٹہ، عدالت نے ای سی پی کو ہدایت جاری کردیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر خواتین کا 5 فیصد کوٹہ پورا نہ ہونے کے خلاف دائر درخواست پر معاملہ ہدایت کے ساتھ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین کوٹہ پورا نہ کرنے کے خلاف نعیم احمد مرزا نے درخواست دائر کی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل ضیغم انیس عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو خواتین کے 5 فیصد کوٹے سے متعلق درخواست جلد نمٹا نے کا حکم دیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نعیم احمد مرزا کی درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے معاملہ ہدایت کے ساتھ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن درخواست گزار کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔