پاکستان

الیکشن کوریج، مقامی و بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کیلئے سینٹرز قائم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) ڈاکٹر طارق محمود خان نے اسلام آباد میں میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹرز کے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پی آئی ڈی آفسز میں الیکشن کوریج کرنے والے مقامی و بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کو 4 ہزار 763 ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔
ان میں 1219 اسلام آباد، 776 لاہور، 878 کراچی، 363 پشاور اور 167 کوئٹہ میں کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں 132، فیصل آباد میں 482، ملتان میں 746 ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کئے گئے۔
میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹرز میں صحافیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی جبکہ سینٹرز پر 24 گھنٹے عملہ اپنی خدمات انجام دے گا۔ واضح رہے کہ اس تقریب میں پی آئی او ڈاکٹر طارق محمود خان، وزارت اطلاعات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں