الیکشن میں پی ٹی آئی کی منظم دھاندلی سے متعلق آڈیو وائرل ہوگئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عام انتخابات 2024 میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منظم دھاندلی کے ثبوت سامنے آنے لگے، پی ٹی آئی امیدوار علی رضا خان خاکوانی کی پولنگ ایجنٹ کے ساتھ مبینہ آڈیو وائرل ہوگئی۔
مبینہ آڈیو لیک میں پی ٹی آئی امیدوار علی رضا خان خاکوانی پولنگ ایجنٹ کو دھاندلی کا طریقہ سمجھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر پولنگ کے بعد نتائج ہمارے حق میں نہ ہوں تو پھر فارم 45 پر غلط دستخط کر دینا اور ریٹرننگ افسر بھی غلط دستخط کر دے گا۔
پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ اگر پولنگ کے بعد ہماری جیت نظر آئے تو پھر فارم 45 پر اصل دستخط کرکے ان کی تصاویر بھیج دینا، جس پر پولنگ ایجنٹ ملک عبدالغفار نے کہا کہ ہاں، میں ایسا ہی کروں گا۔
علی رضا خان خاکوانی نے کہا کہ فارم 45 پر غلط دستخط کرنے کے بعد اس کی تصاویر بھی لے لینا۔ ریٹرننگ افسر اور پریزائڈنگ افسر بھی جب دستخط کر دیں تو پھر آر او کے پاس چلے جانا۔
پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ آر او صاحب غلط دستخط دیکھ کر نیا فارم 45 بنانے کا حکم دیں گے جس پر سب کے اصل دستخط کر دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔