ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر


لاہور (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے۔موبائل فون سروس کی معطلی کے فیصلے پر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امیدواروں کا ایجنٹس اور انتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا زیادتی ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ کچھ عرصے سے پولیس گردی کا بھی سامنا ہے، جب کہیں سے اطلاع آئے گی تو جب دیر ہو چکی ہوگی۔ان کا مزید کہنا ہے کہ دھونس اور دھاندلی کے الیکشنز نا منظور۔
واضح رہے کہ آج پولنگ شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے ملک بھر میں موبائل فون سروس متاثر ہونا شروع ہوگئی تھیں۔علاوہ ازیں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ای سیون پولنگ اسٹیشن نمبر 213 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
بعدازاں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ موبائل فون کی بندش پری پول رِگنگ کا آغاز ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ٹی وی سے پتا چلا موبائل فون سروسز بند ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ یہاں ایک چیف الیکشن کمشنر کا یہ حال ہے، فون سروسز کا بند ہونا امیدواروں کے ساتھ زیادتی ہے، ایک سیاسی جماعت کے لیے راستہ کھولا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ مشنیری پہلے سے ہی ایک جماعت کے لیے کام کر رہی ہے، پری پول کا ماحول تو خراب کیا ہی تھا آج پولنگ ڈے بھی خراب کردیا۔