بلوچستان دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالے 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا


پشین (قدرت روزنامہ)بلوچستان دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد ووٹ ڈالنے کراچی سے آئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں سے چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
بلوچستان کے علاقے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں گزشتہ روز دھماکوں میں 28 افراد جاں بحق ہوئے تھے،ان حملوں میں ووٹ ڈالنے کیلئے کراچی سے آئے افراد بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے تعلق رکھنے والے امین اللہ کاکڑ نے اپنے رشتہ داروں کی موت کے بارے میں بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں مارے جانے والے میرے چار قریبی رشتے دار اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے کراچی سے طویل سفر طے کر کے خانوزئی آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے چار رشتہ داروں میں ان کا بھائی، بھتیجا، بھانجا اور کزن شامل تھے جبکہ خاندان کے چند افراد زخمی بھی ہوئے انہوں نے کہاکہ اس افسوسناک واقعہ نے ان کے خاندان کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔ کاریزات سے تعلق رکھنے والے اسکول ٹیچر عبدالحنان کاکڑ کے بھائی محمد عمر اور کزن نجیب اللہ بھی خانوزئی دھماکے کی نذر ہو گئے۔