کراچی: سیکڑوں نوجوانوں نے پہلی بار ووٹ دیا، مردوں سے زیادہ خواتین نے ووٹ ڈالا


کراچی(قدرت روزنامہ) شہر قائد میں عام انتخابات کے موقع پر سیکڑوں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کیا . تفصیلات کے مطابق ان نوجوان بچے اور بچیوں کی عمریں 18 سال یا اس سے زائد تھیں، نوجوانوں نے شہر کے تمام اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، کچھ نوجوان بچے اور بچیاں اپنے والدین کے ہمراہ آئے تھے .


سراج الدولہ کالج کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کے لیے آنے والی انٹر کی طالبہ ثمینہ نے بتایا کہ وہ گژشتہ برس 18 سال کی ہوئی ہیں اور ووٹ کاسٹ کرنا میری زندگی کا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا، بس دعا ہے کہ جس کی حکومت آئے ملک ترقی کرے .
ایک اور نوجوان احمد نے بتایا کہ ووٹ کاسٹ کرنا قومی فریضہ ہے جو میں نے پورا کر دیا ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں . بیشتر نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور اس کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے .
بزرگوں سمیت خصوصی افراد نے بھی ووٹ کا سٹ کیا
اسی طرح، بزرگوں سمیت خصوصی افراد نے بھی اپنا ووٹ کا سٹ کیا . کئی پولنگ اسٹیشنز پر بزرگ خواتین اور افراد نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر قطاروں میں لگ کر ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے شکوہ کیا کہ بزرگوں کے لیے پولنگ بوتھ الگ ہونا چاہیے .
یہ بھی دیکھنے میں آیا کئی پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی افراد کی بڑی تعداد نے بھی اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا . ان خصوصی افراد کا کہنا تھا کہ معذور افراد کے لیے کئی پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ یا وئیل چیئر موجود نہیں تھیں .
انہوں نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی کہ وہ خصوصی افراد کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے کوئی حکمت عملی بنائے تاکہ وہ پریشانی کے بغیر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں . بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں نے خود سہولت فراہم کی جس پر ان افراد نے دعائیں دیں اور شکریہ ادا کیا .
پولنگ اسٹیشنز پر مردوں کے مقابلے میں خواتین کی تعداد زیادہ رہی
عام انتخابات میں کراچی میں دیکھا گیا کہ ضلع وسطی، شرقی، کورنگی اور ایسٹ کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر خواتین علی الصباح ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئیں جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز پر مردوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی .
اپوا اسکول لیاقت آباد کے پولنگ اسٹیشنز میں موجود ایک خاتون ووٹر ریحانہ نے بتایا کہ وہ گھریلو خاتون ہیں، گھر میں سب آرام کر رہے تھے تو میں نے سوچا کہ ووٹ کاسٹ کردوں اس لیے میں صبح ساڑھے 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی اور میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا .
رعنا ہوم اکنامکس کالج پولنگ اسٹیشن میں بھی صبح کے اوقات میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی . ایک خاتون شمائلہ نے بتایا کہ میں ایک نجی فارم میں نوکری کرتی ہوں، ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے اس لیے میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے .
لائنز ایریا کے کھیتوں والے اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کرنے والی خاتون ندا نے بتایا کہ میں اور میری والدہ علی الصباح ووٹ کاسٹ کرنے آئے ہیں، دن میں گھریلو کام ہوتے ہیں اس لیے ووٹ ڈالنے کے لیے وقت ملنا مشکل ہوتا ہے .
مختلف پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کا کہنا تھا کہ یہ اچھی علامت ہے کہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر خواتین ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں، منتخب ہونے والے نمائندوں سے امید رکھتے ہیں کہ وہ خواتین کے مسائل حل کریں گے، مہنگائی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے جو بھی حکومت آئے وہ مہنگائی کو کنٹرول کرے .
خواتین نے صبح اور مردوں نے دیر سے ووٹ کاسٹ کیا
عام انتخابات کے موقع پر مردوں اور نوجوانوں کی اکثر تعداد نے صبح کے مقابلے میں دن میں ووٹ کاسٹ کیا . مختلف اضلاع کے کئی پولنگ اسٹیشنز کا جائزہ لیا گیا تو یہ بات دیکھنے میں آئی کہ صبح کے اوقات میں کئی مردوں اور نوجوانوں نے عام تعطیل کو بھرپور انجوائے کیا اور نیند پوری کرنے اور ناشتہ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا اور اپنی پسند کے امیدواروں کو ووٹ دیئے .
پی آئی بی کے ایک پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹر سہیل نے بتایا کہ مجھ سمیت کئی لوگ نجی اداروں میں نوکریاں کرتے ہیں اور ان نوکریوں کے اوقات کار زیادہ ہوتے ہیں اس لیے آرام کا موقع کم ملتا ہے اسی لیے نیند پوری کرکے صبح 11 بجے اٹھا اور ووٹ کاسٹ کیا .
کیماڑی کے ایک پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹر زبیر نے بتایا کہ میں نیند اور ناشتہ کرنے کے بعد ضروری کاموں سے دوپہر تقریبا ساڑھے 12 بجے فارغ ہوا پھر میں نے پولنگ اسٹیشن کا رخ کیا اور ووٹ کاسٹ کر دیا .
دیگر مرد ووٹرز کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی صورت حال ہے جو بھی جماعت حکومت بنائے وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کرے اور کھانے پینے کی اشیاء کو سستا کرے . اکثر ووٹرز نے یہ رائے دی کہ انہیں اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ کون حکومت بنا رہا ہے بس جو بھی حکومت بنائے وہ عوام کے مسائل کو حل کرے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے .

. .

متعلقہ خبریں