شمالی وزیرستان: محسن داوڑ کے حامیوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شہید


میران شاہ(قدرت روزنامہ) شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ زخمی ہوگئے جب کہ محسن داوڑ کے حامیوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق رکن اور نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ احتجاجی مظاہرے کے دوران زخمی ہوگئے۔ محسن داوڑ کو پاؤں میں گولی لگی۔ احتجاجی مظاہرہ میران شاہ میں انتخابی نتائج کی تاخیر پر کیا جا رہا تھا۔ محسن داوڑ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ان کے ساتھ دیگر 3 افراد بھی زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق محسن داوڑ کے حامی شرپسندوں کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ محسن داوڑ کے ساتھیوں نے احتجاج کے دوران آرمی کیمپ میران شاہ کے گیٹ پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے شرپسندوں کو منتشر کرنے کے لیے جوابی کارروائی کی۔ پرتشدد احتجاج اور آرمی کیمپ پر فائرنگ کا مقصد حالات اور امن عامہ کی صورتحال کو خراب کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔