پی ٹی آئی نے انتخابات میں تاریخی کلین سویپ کیا، پی ٹی آئی رہنما


پشاور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما تیمور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں تاریخی کلین سویپ کیا، عوام کی عدالت، قانون اور الیکشن میں ہم کامیابی حاصل کر چکے۔
پشاور میں تیمور جھگڑا اور شاندانہ گلزار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، فارم 45 جن حلقوں کے پہنچے اس کے خلاف فارم 47 دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں جس امیدوار کو جتوایا گیا وہ 7ویں نمبر پر تھے، میرا مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ تھا، آر اوز نے بڑے پیسے بٹورے ہیں، جس امیدوار کو میرے خلاف جتوایا گیا، اس کا کیمپ ہی نہیں تھا۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے کہا کہ پشاور کی 8 نشستوں کے نتائج تبدیل کیے گئے، خیبرپختونخوا کی تاریخ میں ایسی دھاندلی نہیں ہوئی، الیکشن کے دن موبائل فون سروس بند تھی کہ دھاندلی ثابت نہ ہو، پشاور میں پی ٹی آئی نے 18 نشستیں جیتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنے حلقے کے تمام فارم 45 ہمارے پاس ہیں، محمود جان کے حلقے کے نتائج تبدیل کیے گئے، مجھے 63 فیصد ووٹ پڑے ہیں، 16 ہزار ووٹ والے کو 25 ہزار ووٹ والے سے جتوایا گیا، ہمارے آر اوز غائب ہیں، لاپتہ ہیں۔
تیمور جھگڑا نے کہا کہ کچھ لوگوں نے کہا کہ میرے حلقے سے جیتنے والا امیدوار افغان شہری ہے، کامران بنگش نے ریکارڈ ووٹ لیا ہے، نور عالم کے 38 ہزار ووٹ کے ساتھ ایک لگا کر ایک لاکھ 38 ہزار کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ قوم نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، الیکشن کے دن ریگنگ نہیں ہوئی فارم 47 میں تبدیلی کی گئی، انتخابات کے نتائج سے متعلق کیس کی سماعت پیر کو ہوگی، ہم الیکشن جیت چکے ہیں، عوام نے تاریخ میں پہلی دفعہ پری پول رینگنگ کو شکست دی، مجھے اور شیر علی ارباب کو ڈی آر او سے ملنے نہیں دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامیاب امیدوار شاندانہ گلزار نے کہا کہ ہمارے ورکرز نے بہت قربانیاں دی ہیں۔