امیتابھ بچن کو کبھی ‘تم’ کہہ کر نہیں پکارا، جیا بچن


نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی معروف سینئر اداکارہ و سیاست دان جیا بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے لیجنڈری اداکار اور اپنے شوہر امیتابھ بچن کو کبھی ‘تم’ کہہ کر نہیں پکارا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جیا بچن نے اپنی بیٹی شویتا بچن کے ہمراہ حال ہی میں اپنی نواسی کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں جیا بچن نے میاں بیوی کے رشتے میں احترام کے حوالے سے بات کی۔
جیا بچن نے کہا کہ ایک چیز جو مجھے سخت ناپسند ہے وہ یہ ہے کہ جب لوگ کسی کو بھی ‘تم’ یا ‘تو’ کہہ کر پکارتے ہیں اور سب سے زیادہ غصہ اُس وقت آتا ہے جب کوئی خاتون اپنے شوہر کو ‘تم’ کہہ کر پکارتی ہے۔
سینیئر بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے شوہر (امیتابھ بچن) کو تم نہیں کہا، ہمیشہ آپ کہہ کر پکارتی ہوں، میرے نزدیک ہر رشتے میں عزت و احترام ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ جب عزت دیں گے تو بدلے میں بھی عزت ملے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس زمانے کی نسل میں عزت و احترام کی بہت کمی ہے، آج کی نسل ہر رشتے میں ‘تم’ اور ‘تو’ کا استعمال کرتی ہے، میرے خیال میں ہمیں نوجوان نسل میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
جیا بچن نے اپنی ساس کے مفید مشورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے، میری ساس ہمیشہ کہا کرتی تھیں، آپ لوگوں سے جتنی کم امید رکھیں گے آپ کو زندگی میں اتنی ہی کم مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی ساس کے اس مشورے پر عمل کرنے کی کوشش کرتی ہوں، اسی لیے مایوسی کا شکار بھی کم ہی ہوتی ہوں۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی، اس جوڑی کے دو بچے شویتا بچن نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔