لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد فاروق کو گرفتار کرلیا
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہزاد فاروق کو گرفتار کرلیا۔خیال رہے کہ شہزاد فاروق عام انتخابات 2024 میں لاہور کے حلقہ این اے 119 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے اور ان کا مقابلہ مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے تھا۔
تاہم، شہزاد فاروق کو مریم نواز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اتوار کے روز پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ این اے 119 سے امیدوار شہزاد فاروق کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب گرفتاری کے وقت شہزاد فاروق کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو پولیس نے گاڑی میں ڈال لیا ہے، ہم پرامن احتجاج کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف آج احتجاج کی کال دی گئی تھی۔