الیکشن 2024 کو جوڈیشل سلیکشن کہتا ہوں، فیصل واوڈا


لاہور(قدرت روزنامہ) سینئرسیاستدان فیصل واوڈا نے کہا کہ میں الیکشن 2024 کومیں جوڈیشل سلیکشن کہتا ہوں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاکہ پہلے قوم کوڈھونڈنا ہوگا وہ کون ہے جس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان یہاں پہنچاہے،وہ کون ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے ٹکڑے ہوئے ہیں،وہ کون ہے جس کی وجہ سے بھٹوکوپھانسی ہوئی ہے، وہ کون ہے جس کی وجہ سے زرداری کو14سال جیل بغیرسزاکے ہوئی۔وہ کون ہے جس نے بلیک لاڈکشنری ایجادکرکے نوازشریف کونااہل کیا،ان کی بیوی کی بیماری کی حالت میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی۔
عمران خان کی حکومت کوزبردستی بدمعاشی سے کس نے پابند کیاکہ تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے۔وہ کون ہے جوچھٹی والے دن اپنے آفس کھول دیتاہے،وہ کون ہے جنہوں نے پرزنروینز دکھائیں،وہ کون ہے جنہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کورات 12بجے ختم کیا،وہ کون ہے جس نے نسلہ ٹاورگرایا،وہ کون ہے جس نے ریکوڈک میں اربوں ڈالرکا پاکستان کونقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کون ہے جس نے ریپ کیسزمیں انصاف نہیں دیا بلکہ باربار سوال کرکے اس کواذیت دی۔وہ کون ہے جس نے ارشد شریف کے قتل کوآج تک کھولانہیں،وہ کون ہے جنہوں نے آئین اورقانون کی ٹھیکیداری اٹھائی ہوئی ہے،وہ کون ہے جنہوں نے پنجاب اورکے پی میں الیکشن نہ کراکے شب خون مارا اورکچھ نہیں کیاگیا۔وہ کون ہیں جوصادق اورامین کے سرٹیفکیٹ دیتے ہیں،وہ کون ہے جواپنی کرپشن پراستعفی دے کرآگے کچھ ہونے نہیں دیتے،وہ کون ہیں جوہٹنے کے بعد بھی دوسویونٹ بجلی کے بھی لیتے ہیں،وہ کون ہے جوذمہ داری ملنے کے بعد کام نہیں کرتے،وہ کون ہیں جنہوں نے یہ شفاف الیکشن کرائے ہیں،وہ کون ہیں جن کی ذمہ داری تھی شفاف الیکشن کرانا، اس کوقوم نے ڈھونڈناہوگا۔اس کو141نمبرسے پہلے نبمرپرلاناہوگا،ورنہ اس ملک کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جب آپ نے ٹھیکہ اٹھایا ہے بیل دینے کابھی اورجیل دینے کابھی ،جب سارے کام آپ کوآتے ہیں تو پھر ملک بھی آپ چلائیں،اس نے قوم کوکام کروانا ہوگا، ورنہ یہ تماشہ 75سال سے چلتارہا ہے آگے بھی چلتا رہے گا،میں عدلیہ کی بات کررہا ہوں، جب ہرچیزکا ٹھیکہ آپ نے لیاہواہے توپھربلیم اسٹیبلشمنٹ کوکیوں دیتے ہیں؟ یہ کوئی طریقہ ہے کہ آپ کسی کی پرسنل لائف پرآجائیں، اس کی چاردیواری کے اندرآجائیں،وہ سابق وزیراعظم کی بیوی تھی،نہ اس سے کوئی سوال ہوتاہے نہ قاضی سے کوئی سوال ہوتاہے، اگرکل کسی کی طلاق ہوگی توپرانا شوہر کھڑا ہوجائے گاکہ یہ نکاح نہیں حرام ہے، یہ کیامثالیں سیٹ کررہے ہیں۔
آپ نے عدت کیس میں سزا دیکرلوگوں کومشتعل کیا اور وہ جاکرووٹ دے آئے، اب جوفارم 45لے کرپھررہے ہیں اس سے کیا ہو گا؟ فارم 45جیتنے والے کے پاس بھی ہے اورہارنے والے کے پاس بھی ہے ،یہاں مْردوں کے ووٹ پڑتے ہیں لوگ جیت جاتے ہیں اور ہارنے والے پانچ سال گھومتے رہتے ہیں۔اس وقت قومی اسمبلی کے 93 امیدوار آزاد ہیں،ان میں 30ہوتے ہی آزاد ہیں جو ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں۔ان 30 کا بھاؤ لگ گیاہے یہ ن لیگ میں چلے جائیں گے،30اچھے بچے بن کراپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے ،یہ ڈرامہ سال ڈیڑھ سال چلے گا اس کے بعد اصل جمہوریت آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کووزیراعظم بنادیاڈائریکٹ توچارچھ مہینے میں پٹاخہ بج جائے گا،یہ ن لیگ کا آخری اقتدار ہے، اس سے تواچھا تھا نگران سیٹ چلنے دیتے، اس سیٹ اپ کیساتھ اب آگے بڑھیں گے تومہنگائی عروج پر ہوگی۔ اگرآپ الیکشن کمشنرکی رشتہ داری اورتعلقات دیکھیں تو آپ کوراکٹ سائنس کی ضرور ت نہیں ہے۔ سکندر سلطان راجہ کے سسر نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔پھران کی فیملی کے اوپرکئی ڈیپ روٹڈ الزامات ہیں،کسٹم کے کیسزہیں یہ قوم بھول جاتی ہے،ہم نہیں بھولنے دینگے،میں قوم کوپہلے بتارہاہوں۔