رنبیر کپور کی طرح مشین گن سے ہزاروں لوگوں کا قتل کرنا چاہتی ہوں، ہما قریشی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی نے کہا ہے کہ اُنہیں رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ بہت پسند ہے، وہ بھی ایسی فلم کرنا چاہتی ہیں جس میں مشین گن پکڑ کر ہزاروں لوگوں کا قتل کرسکیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہما قریشی نے اپنے انٹرویو میں بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ‘انیمل’ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ فلم بہت پسند آئی، میں فلم کی کہانی، ایکشن سین اور موسیقی سے لطف اندوز ہوئی۔
ہما قریشی نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ بالی ووڈ میں ہر طرح کی فلمیں بننی چاہئیں اور بطور سامعین یہ آپ کی مرضی ہے کہ آپ اس فلم کو دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
اُنہوں نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی ایک ایسی ہی فلم کرنا چاہتی ہوں جس میں مشین گن پکڑ کر ہزاروں لوگوں کا قتل کرسکوں اور بطورِ اداکارہ میں ایسا کردار ادا کرنے میں کافی پُرجوش ہوں گی کیونکہ میرے لیے یہ منفرد ہوگا۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم ‘انیمل’ پر تنقید کی جارہی ہے کہ ایسی فلموں سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگا تو یہاں میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ‘انیمل’ سے پہلے بنائی گئی فلموں سے تو اب تک معاشرے کو سدھر جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
ہما قریشی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب فلموں سے معاشرے میں سدھار پیدا نہیں ہوا تو پھر ‘انیمل’ جیسی فلموں سے معاشرے میں بگاڑ بھی پیدا نہیں ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں تو کہتی ہوں ‘انیمل’ جیسی فلمیں مزید بننی چاہئیں، سامعین کو جو فلم پسند آئے گی، وہ اُسے دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ فلم ‘انیمل’ کی ہدایتکاری سندیپ ریڈی وانگا نے کی ہے، ایکشن تھرلر میں رنبیر کپور، رشمیکا مندانا، بوبی دیول، انیل کپور اور ترپتی ڈمری شامل تھیں، انیمل 2023 کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک تھی۔
مقبولیت کے باوجود بھی فلم ‘انیمل’ پر کڑی تنقید کی گئی کیونکہ اس فلم میں رنبیر کپور کو ایک انتقامی بیٹے کے طور پر دِکھایا گیا جو اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے ایک خونخوار گینگسٹر بن جاتا ہے اور بےرحمی سے قتل کرتا ہے اور فلم میں رنبیر کپور خواتین کے ساتھ بھی ناروا سلوک بھی کرتے ہیں۔