واٹس ایپ نے انتہائی مفید فیچر متعارف کرا دیا
نیویارک(قدرت روزنامہ) معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے سپام مواد کی روک تھام کے لیے ایک انتہائی مفید فیچر متعارف کرا دیا۔ نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے مطابق ایپلی کیشن کے اس نئے فیچر کے تحت صارفین لاک سکرین سے ہی سپام مواد بھیجنے والے صارف کو بلاک کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی اکائونٹ کو بلاک کرنے کا آپشن تو پہلے سے موجود تھا لیکن اس کے لیے میسج کو کھولنا اور پھر اس صارف کے اکائونٹ پر جانا پڑتا تھا۔ تاہم اس نئے فیچر کے بعد میسج کھولے اور میسج بھیجنے والے شخص کے اکائونٹ پر جائے بغیر اسے بلاک کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے بعد لاک سکرین پر واٹس ایپ میسج پر ریپلائی بٹن کے ساتھ بلاک کا بٹن بھی ظاہر ہوتا ہے، جس پرایک کلک کے ذریعے اس اکائونٹ یا نمبر کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کی طرف سے سپیمنگ کرنے والے نمبر کو ’رپورٹ‘ کرنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔