بلوچستان؛ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران جھگڑا، 2 افراد جاں بحق


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران جھگڑے میں 2 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حب میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران 2 گروپوں کے مابین جھگڑا ہوا۔ سوک سینٹر حب میں ہونے والے تصادم کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
میڈیا ذائع کے مطابق پولیس نے فائرنگ کے الزام میں 3 افراد کو حراست میں لیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبے بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔ اس حوالے سے سرکاری دفاتر کے سامنے دھرنے دینے کے علاوہ کچھ مقامات پر قومی شاہراہ پر بھی احتجاج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تھی۔